لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ ٹیموں کی شرکت کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز کرکٹ ٹیموں کے کوالیفائی کرنے کا طریقہ طے کر لیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق آئی سی سی اولمپکس کے لیے ریجنل کوالیفائنگ فارمولہ استعمال کرے گا۔ ایشیاء، اوشنیا، افریقہ اور یورپ ریجن سے ٹاپ رینک ٹیم کے براہ راست کوالیفائی کرنے کی تجویز ہے۔
امریکا میزبان کی حیثیت سے اولمپکس میں شرکت کرے گا جبکہ چھٹی ٹیم کے کوالیفائی کرنے کا طریقہ کار ابھی طے کرنا باقی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کے فارمیٹ سے نیوزی لینڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ ناخوش ہیں، ریجنل ٹاپ ٹیموں کے فیصلے پر پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز نے تنقید کی، اس فارمولے سے پاکستان کا اولمپک میں براہ راست پہنچنا مشکل ہو جائے گا۔
پاکستان کی اس وقت آئی سی سی رینکنگ آٹھویں جبکہ بھارت کی پہلی ہے، بھارت ٹاپ رینک ہونے کی وجہ سے براہ راست اولمپک میں کوالیفائی کرے گا۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اوشنیا ریجن سے نیوزی لینڈ کی ٹیم چوتھے نمبر پر ہونے کے باوجود کوالیفائی نہیں کر سکے گی، عالمی رینکنگ کی نمبر دو ٹیم آسٹریلیا اوشنیا ریجن سے کوالیفائی کرے گی۔
امریکا بحیثیت میزبان رینکنگ میں 17ویں نمبر پر ہونے کے باوجود کوالیفائی کرے گا، یورپ سے برطانیہ کی ٹیم کوالیفائی کرے گی، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی برطانوی ٹیم کی تشکیل کے لیے اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ویمنز ٹیموں کی کوالیفکیشن کا فیصلہ اگلے سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہو گا، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے آئی سی سی کے ریجنل کوالیفائنگ فارمیٹ کی حمایت کی ہے۔
واضح رہے کہ 128 سال بعد اولمپکس میں واپسی پر کرکٹ میں مینز اور ویمنز کی 6، 6 ٹیمیں شرکت کریں گی۔