بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے فرید آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں روڈ پر جھگڑے کے دوران ایک نوجوان کو چھ افراد نے چھریوں کے وار سے قتل کر دیا، مقتول جَلد ہی شادی کے بدھن میں بندھنے والا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا بتانا ہے کہ وِکاس اپنے دوست کے ہمراہ اپنی گاڑی میں موجود تھا اور سالگرہ منا رہا تھا، اسی دوران ایک موٹرسائیکل سوار ان کی گاڑی سے ٹکرا گیا۔
پولیس کے مطابق وِکاس نے موٹرسائیکل سوار سے بات چیت کی کوشش کی جو جَلد ہی تلخ کلامی میں بدل گئی، جھگڑے کے دوران موٹر سائیکل سوار نے فون کر کے اپنے ساتھیوں کو بھی بلا لیا۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار افراد کے تقریباً چھ ساتھی موقع پر پہنچے اور گاڑی میں بیٹھے دونوں دوستوں پر لوہے کی سلاخوں اور چھریوں سے حملہ کر دیا۔ وحشیانہ حملے کے دوران وکاس موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کا دوست شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے تھے جن کی جائے واردات کے قریب لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شناخت اور تلاش کی کوشش کی جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی وکاس کے خاندان کو انصاف دلایا جائے گا۔
دوسری جانب وکاس کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ اس کا بیٹا صبح کام پر نکلا تھا، اس نے کہا تھا کہ آج رات دوستوں کے ساتھ سالگرہ منائے گا اور صبح گھر آئے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وکاس اور اس کا دوست، دونوں ایک نجی انشورنس کمپنی میں کام کرتے تھے اور قریبی دوست تھے۔