امریکی گلوکارہ کیٹی پیری کے کنسرٹ میں کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی شرکت مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی، خوشگوار لمحات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
سابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو حال ہی میں کیٹی پیری کے مونٹریال میں ہونے والے کنسرٹ میں اپنی 15 سالہ بیٹی ایلا گریس کے ساتھ دیکھا گیا، جس کے بعد ان کے درمیان بڑھتی ہوئی قربتوں کی افواہوں نے زور پکڑلیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جسٹن ٹروڈو اسٹیج پر کیٹی پیری کی پرفارمنس سے کافی متاثر اور محظوظ دکھائی دے رہے تھے۔
ایک ویڈیو میں وہ کیٹی پیری کے 2013ء کے مشہور گانے Dark Horse پر جھومتے اور گنگناتے بھی نظر آئے۔
کچھ دن قبل غیرملکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹروڈو اور کیٹی پیری ایک غیر متوقع ملاقات میں ایک ساتھ دیکھے گئے تھے، اگرچہ دونوں کی طرف سے کسی رومانوی تعلق کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
یاد رہے کہ جسٹن ٹروڈو نے 2023ء میں اپنی اہلیہ صوفی گریگوار سے 18 سالہ ازدواجی رفاقت کے بعد علیحدگی اختیار کی تھی۔
ان کی کنسرٹ میں موجودگی نے ان کے سیاسی کیریئر کے بعد کی سماجی زندگی پر نئی بحث چھیڑ دی اور مداح اس غیر رسمی تعلق پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔