لاہور ہائی کورٹ نے جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف درخواست کا تحریری حکم جاری کر دیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے گزشتہ سماعت کا حکم جاری کیا۔
تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت نے این اے 175 مظفر گڑھ کا انتخابی شیڈول معطل کردیا، الیکشن کمیشن کی جانب سے 14 جولائی کو جاری انتخابی شیڈول کا نوٹی فکیشن معطل کیا۔
لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ درخواست میں اہم قانونی نکات اٹھائے گئے ہیں، درخواست میں قانونی نکات میں الیکشن کمیشن کے فیصلے اور عدالتی دائرہ اختیار کا معاملہ ہے، عدالت الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتی ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے نوٹس جاری کیا ہے، جمشید دستی کی درخواست پر آئندہ سماعت 10 ستمبر کو ہو گی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو نااہل قرار دے دیا تھا۔
جمشید دستی کے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی کا ریفرنس منظور کر لیا گیا تھا۔ جمشید دستی کی نااہلی کی 2 درخواستیں الیکشن کمیشن نے منظور کر لی تھیں۔
رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی تعلیمی اسناد جعلی قرار دے دی گئی تھیں۔