بھارتی بیڈمنٹن کھلاڑی اور اولمپیئن سائنا نہوال اور ان کے شوہر پاروپلی کشیپ نے اپنی شادی بچانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں میاں بیوی نے اپنی شادی شدہ زندگی کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ چند ہفتے قبل سائنا نے انسٹاگرام کے ذریعے دونوں کے درمیان علیحدگی کی اطلاع دی تھی، جس نے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا تھا۔
سائنا نہوال کی پاروپلی کے ساتھ 2018 میں شادی ہوئی تھی، مگر شادی کے 7 سال بعد گزشتہ ماہ انہوں نے اپنے شوہر، جو خود بھی بیڈمنٹن کے کھلاڑی ہیں، سے علیحدگی کا سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا۔
اب جوڑے نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ فاصلے نے انہیں ایک دوسرے کی اہمیت کا احساس دلایا اور اب وہ اپنی شادی کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ سائنا نہوال اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیت چکی ہیں، اور وہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں نمبر ون بھی رہ چکی ہیں، بھارت کی بیڈمنٹن تاریخ کی نمایاں ترین خواتین کھلاڑیوں میں شمار ہوتی ہیں۔
سائنا کے شوہر پاروپلی کشیپ نے 2014 کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغہ حاصل کیا، اور 2012 لندن اولمپکس میں بھارت کے پہلے مرد بیڈمنٹن کھلاڑی کے طور پر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ انہیں 2012 میں ارجنا ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔