• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شادی کے بعد کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا؟ ایرن ہالینڈ نے بتا دیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

آسٹریلوی اسپورٹس پریزنٹر ایرن ہالینڈ نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں کرکٹر بین کٹنگ کے ساتھ اپنی غیر روایتی شادی کے بعد بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ایرن ہالینڈ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے شادی کے بعد اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ شادی کے بعد اب تک میں اور بین صرف ایک بار کویڈ لاک ڈاؤن کے دوران 2 یا 3 ہفتوں سے زیادہ ایک ساتھ رہے ہیں۔ 

ایرن ہالینڈ نے بتایا کہ ہماری اس غیر روایتی شادی کو تقریباً 5 سال ہوگئے ہیں اور اس دوران میں نے بہت تکلیف دہ سفر کیا کیونکہ پچھلے 4 سالوں کے دوران میں وٹرو فرٹیلائزیشن (IVF) کے 12 راؤنڈز سے گزری ہوں جو میرے لیے بہت مشکل تھا۔

اُنہوں نے بتایا کہ چاہے حمل ضائع ہوجائے یا پھر آئی وی ایف میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے، دونوں ہی صورتوں میں بہت نقصان ہوتا ہے۔

ایرن ہالینڈ نے کہا کہ کام اور نجی زندگی میں توازن کو برقرار رکھنا بھی مشکل ہے اور اب شادی کے 4 سال بعد میں ایسے مقام پر پہنچ گئی ہوں جہاں مجھے اپنی ان کوششوں کا کوئی انجام نظر نہیں آ رہا۔

اُنہوں نے بتایا کہ اگر انسان کو یہ معلوم ہو کہ وہ جس کام کو کرنے کی کوشش کر رہا ہے وہ ایک دن ہوجائے گا تو وہ اپنے اس کام کو کرنے کے لیے کچھ بھی کرے گا لیکن جو کوشش میں کر رہی ہوں، مجھے اس کا انجام نہیں معلوم، مجھے اب اپنی ماں بننے کی خواہش کو پورا کرنے کی کوشش کے دوران اپنی زندگی کے توازن کو برقرار رکھنے میں مشکل ہو رہی ہے۔

ایرن ہالینڈ نے یہ بھی بتایا کہ ہماری شادی میں کام کی وجہ سے ایک دوسرے سے دور رہنے کی وجہ سے کبھی کوئی مسئلہ نہیں ہوا کیونکہ ہماری ابھی اولاد نہیں ہے اور ہم ایک دوسرے کے کام کو سمجھتے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید