ایئر انڈیا کی بین الاقوامی پرواز میں مسافروں کی لال بیگ کی موجودگی کی شکایت پر انتظامیہ کی پھرتیاں لگ گئیں، بھارتی ایئر لائنز کی پروازوں میں صفائی اور حفظانِ صحت کے انتظامات پر سوالات اٹھ گئے۔
ایئر انڈیا کی سان فرانسسکو سے ممبئی جانے والی بین الاقوامی فلائٹ AI-180 میں دورانِ پرواز لال بیگ نظر آنے پر مسافروں نے شکایت درج کرائی، جس پر ایئرلائن نے معذرت کی اور بعد ازاں تحقیقات کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب پرواز کولکتہ میں ایندھن بھرنے کے لیے رکی تھی۔
ایئر انڈیا کے ترجمان کے مطابق دو مسافر دورانِ پرواز کاکروچ دیکھ کر پریشان ہوگئے تھے، جنہیں فوری طور پر اسی کیبن میں دیگر نشستوں پر منتقل کر دیا گیا، جہاں انہوں نے باقی سفر آرام سے طے کیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ شکایت کے بعد عملے نے طیارے کی گہرائی سے صفائی کی اور جراثیم کش اقدامات کیے گئے، اس کے بعد طیارہ بروقت ممبئی کے لیے روانہ ہوا۔
ایئر انڈیا نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ باوجود باقاعدہ فومیگیشن کے گراؤنڈ آپریشنز کے دوران بعض اوقات کیڑے مکوڑے طیارے میں داخل ہو جاتے ہیں۔