حال ہی میں ماں بننے والی روسی انفلوئنسر، ماریانا باروتکینا کو نکی مناج کے گانے ’ہائی اسکول‘ پر وائرل ہونے والے ’اسٹیلیٹو چیلنج‘ میں حصہ لینا مہنگا پڑ گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 32 سالہ ماریانا باروتکینا اونچی ہیل پر خطرناک اسٹنٹ اپنے کچن میں کر رہی تھیں کہ اچانک سے وہ لڑکھڑا کر کچن کے کاؤنٹر سے نیچے زمین پر کمر کر بل گر گئیں، انفلوئنسر کچھ ہی ہفتے قبل ماں بنی تھیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مارِیانا ایک کوکنگ پین میں رکھے ہوئے بیبی فوڈ کے جار پر اونچی اور باریک سی ہیل پہنے بیٹھی ہیں، وہ ویڈیو میں ایک ٹانگ پر بیٹھنے کی کوشش کرتی دکھائی دے رہی ہیں، انفلوئنسر کچھ ہی لمحوں کے لیے ایک پاؤں پر توازن قائم رکھ پاتی ہیں اور پھر اچانک پیچھے کی جانب زمین پر گر جاتی ہیں جس کے نتیجے میں ان کی کمر کی ہڈی میں فریکچر آ چکا ہے۔
انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے ماریانا نے لکھا کہ میں نے ولاگنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا، یہ میری ریل بنانے کے لیے پہلی ہی شوٹنگ تھی کہ ڈاکٹر نے کہا کہ آپ کی کمر میں فریکچر آ گیا ہے، یہ کیسی تقدیر ہے؟ یہ کارما ہے یا زندگی کا وہ امتحان جو سب سے غیر متوقع وقت پر لیا جاتا ہے۔
انفلوئنسر نے اس خطرناک تجربے کے باوجود کسی پچھتاوے کا اظہار نہیں کیا ہے۔
ایک اور پوسٹ میں انہوں نے بتایا ہے کہ اس ویڈیو نے اِنہیں راتوں رات مشہور کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ویڈیو جو ناکام رہی مگر اسی سے میں مشہور ہو گئی، آج 50 سے زائد افراد نے مجھے وہی ویڈیو مختلف پلیٹ فارمز سے بھیجی ہے، آپ سب کا شکریہ، میں اب اسٹار کی زندگی جی رہی ہوں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کی رائے اس واقعے پر تقسیم نظر آتی ہے۔
کچھ نیٹیزنز نے انفلوئنسر کی بہادری پر حیرت کا اظہار کیا ہے تو کچھ نے سخت تنقید کرتے ہوئے ایسے وائرل چیلنجز کو قبول نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ ’اسٹیلیٹو چیلنج‘ قبول کرنے والی خواتین اونچی ہیل کے ساتھ مشکل پوز کرنے کی کوشش کرتی ہیں جس کی وجہ سے چوٹ لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔