پاکستانی ٹیلی ویژن ڈراموں کی مقبول اداکارہ زارا نور عباس کا کہنا ہے کہ سچی محبت اور ذہنی صحت پر ڈرامہ بنانا وقت کی ضرورت ہے، شوٹنگ پر تاخیر سے پہنچنے پر شوہر کی ڈانٹ پڑتی تھی، ڈراما صرف سبق آموز نہیں ہوتا، اس میں گولیاں بھی چلتی ہیں، انٹرٹینمنٹ بھی ہوتا ہے۔
پرکشش اداکارہ زارا نور عباس نے بتایا کہ میں نے فلموں اور ڈراموں میں مختلف کردار ادا کیے، مجھے ایسے کردار زیادہ پسند ہیں، جن میں کام کرنے کا مارجن زیادہ ہوتا ہے، میرا نیا ڈرامہ دل ڈھونڈتا ہے پھر وہی، سچی محبت اور ڈیمینشیا کو بنیاد بنا کر بنایا گیا ہے، زاہد احمد سمیت تمام فنکاروں نے عمدہ کام کیا ہے۔
انھوں نے کہا ہم میں سے اکثر افراد چیزیں وقتاً فوقتاً بھول جاتے ہیں، جیسے کہ ہم نے اپنی چابیاں کہاں رکھی تھیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہمیں ڈیمنشیا ہے۔
اداکارہ نے کہا جب کسی کو ڈیمینشیا ہوتا ہے، تو علامات آہستہ آہستہ بدتر ہوتی جاتی ہیں، یہاں تک کہ یہ روزمرہ کی زندگی کو مشکل بنادیتی ہے۔
یاد رہے کہ زارا نور عباس پاکستان کی معروف اداکارہ بشری انصاری کی بھانجی ہیں، زارا کا مزید کہنا تھا کہ میں نے فلم پرے ہٹ لو اور چھلاوہ میں کام کیا تھا، اب اگر کوئی اچھی فلم بنے گی اور اس میں کوئی ایسا کردار آفر ہوا، جو میں کرنا چاہتی ہوں، تو ضرور فلم میں کام کرونگی۔
زارا نے کہا میں نے اپنےشوہر اسد صدیقی کی پروڈکشن میں کام کرنے کا کوئی فائدہ نہیں اٹھایا، سب کے ساتھ ایک جیسا برتاؤ کیا جاتا تھا۔ شوٹنگ پر تاخیر سے پہنچنے پر شوہر کی ڈانٹ پڑتی تھی۔