پاکستانی اسٹار اداکارہ ماہرہ خان نے ٹی وی پر واپسی کا عندیہ دے دیا۔
ماہرہ خان نے اپنی نئی فلم ’نیلوفر‘ کے شاندار ٹیزر کے اجرا کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر مداحوں کے ساتھ ایک دلچسپ سوال جواب کا سیشن کیا، جس میں انہوں نے اپنے مستقبل کے منصوبوں اور ٹی وی واپسی کے امکانات پر بات کی۔
ماہرہ خان ان دنوں ہیوسٹن میں ایوارڈز تقریب میں شرکت کے لیے موجود ہیں، انہوں نے بتایا کہ اگرچہ میں تھکی ہوئی اور جیٹ لیگ کا شکار ہوں، مگر پھر بھی اپنے چاہنے والوں کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع نہیں گنوانا چاہتی۔
جب ایک مداح نے پوچھا کہ وہ کب ٹی وی پر واپس آئیں گی، تو ماہرہ نے جواب دیا کہ مجھے پتا ہے، مجھے آنا چاہیے، میں کسی ایسے کردار کا انتظار کر رہی ہوں جو اب تک نہیں کیا۔
اس جواب سے مداحوں کو یہ اشارہ ملا کہ ماہرہ خان جلد ہی ٹی وی اسکرین پر واپسی کر سکتی ہیں، لیکن کسی منفرد اور چیلنجنگ کردار کے ساتھ۔
ایک اور سوال کے جواب میں، جب مداح نے پوچھا کہ کیا ’نیلوفر‘ ان کے کیریئر کا سب سے مشکل کردار تھا، تو ماہرہ نے کہا کہ نہیں لیکن سب سے پاکیزہ، سب سے میٹھا، ریحانہ اس دنیا کی نہیں ہے، ریحانہ، تم یاد آتی ہو۔
ماہرہ خان فلم ’نیلوفر‘ میں ایک نابینا خاتون کا کردار نبھا رہی ہیں، جبکہ ان کے مدِمقابل فواد خان نظر آئیں گے، دونوں کی مشہور جوڑی ایک بار پھر بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہو رہی ہے، جس سے شائقین میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
’نیلوفر‘ کو عمار رسول نے تحریر و ڈائریکٹ کیا ہے، جبکہ یوسف شارق نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔
فلم میں فواد خان، ماہرہ خان، مدیحہ امام، ثروت گیلانی، عتیقہ اوڈھو، بہروز سبزواری، گوہر رشید، فیصل قریشی، سمیعہ ممتاز سمیت متعدد معروف فنکار شامل ہیں۔
فلم ’نیلوفر‘ 28 نومبر 2025 کو دنیا بھر کے سینماؤں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔