• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2025 کا معرکہ حق جشن آزادی، فنکاروں کی چاندی ہو گئی

2025 کا معرکہ حق جشنِ آزادی ملک بھر میں جوش و خروش سے جاری ہے، تاہم صوبہ سندھ توجہ کا مرکز بن گیا۔ 

سندھ کے گورنر اور وزیر اعلیٰ کے مابین سخت مقابلے کی وجہ سے عالمی شہرت یافتہ فنکاروں کی چاندی ہو گئی۔ شائقین موسیقی کو اپنے پسندیدہ گلوکاروں کو مفت سُننے کو ملیں گے، کنسرٹس میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ 

صفِ اول کے گلوکار استاد راحت فتح علی خان، عالمی شہرت یافتہ سنگر عاطف اسلم، علی ظفر اور سجاد علی کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں آواز کا جادو جگائیں گے۔ 

استاد راحت فتح علی خان 7 اگست جمعرات کو گورنر ہاؤس اور 8 اگست جمعہ کو حیدرآباد کے رانی باغ میں آواز کا جادو جگائیں گے۔ 

سندھ حکومت کے تحت 13 اگست کی رات کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شاندار میوزیکل نائٹ اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ برسوں بعد اتنے بڑے پیمانے پر میوزیکل کنسرٹس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ 

اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم، سجاد علی، حدیقہ کیانی اور نئی نسل کے مقبول فنکاروں کی پرفارمنس ہوگی۔ 

اس بارے میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ اس بار جشن آزادی زیادہ جوش سے منایا جائے گا۔ گورنر ہاوس میں استاد راحت فتح علی خان، عاطف اسلم اور علی ظفر کے کنسرٹس ہوں گے۔

دوسری جانب کزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاؤس میں شہرت یافتہ فنکاروں اور کرکٹرز کو ایک میٹنگ میں مدعو کیا، جس میں نامور اداکار احسن خان، ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، ایوب کھوسہ، قیصر خان نظامانی، مصطفیٰ قریشی، آرٹس کونسل کراچی کے صدر احمد شاہ، کرکٹرز سرفراز، یونس خان، شعیب محمد، سندھ حکومت کے وزراء اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شرکت کی۔ 

تمام فنکاروں سے کہا گیا کہ وہ پاکستان کے سافٹ امیج کے لیے اپنا کردار ادا کریں، اس بار جشنِ آزادی دھوم دھام سے منایا جائے گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید