جنوبی افریقہ میں ماریمبا بجانے والے موسیقاروں نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ تعداد میں جمع ہو کر کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر کے تاریخ رقم کردی۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں واقع گرینڈ ویسٹ ایرینا میں ایک ہزار 276 ماریمبا پلیئرز ایک ساتھ جمع ہوئے اور ماریمبا ساز بجا کر دنیا کے سب سے بڑے ماریمبا اینسمبل کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا، اس عالمی ریکارڈ میں زمبابوے کے فنکاروں نے بھی حصہ لیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ لاطینی امریکی ملک گوئٹے مالا کے پاس تھا جہاں 505 افراد نے اکٹھے ماریمبا بجایا تھا، نئے ریکارڈ کے لیے شرکاء نے معروف گانوں Waka Waka اور Jerusalema کی دھنوں پر مشتمل دس منٹ طویل انسٹرومینٹل پرفارمنس پیش کی۔
منتظمین کے مطابق اس تاریخی تقریب کا مقصد صرف موسیقی یا ریکارڈ سازی نہیں تھا بلکہ مختلف سماجی و معاشرتی پس منظر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں، طلباء اور اسکولوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا بھی تھا تاکہ فنونِ لطیفہ کے ذریعے ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔
اس پروگرام میں 70 سے زائد تعلیمی اداروں کے طلباء نے شرکت کی جن کی عمریں 8 سال سے لے کر 62 سال تک تھیں۔