روس کے علاقے داغستان میں گدھے کو سیکڑوں فٹ بلند پہاڑ سے زپ لائن کے ذریعے نیچے اتار لیا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق داغستان میں ٹور گائیڈ نے گدھے کو 328 فٹ بلند پہاڑ سے زپ لائن کے ذریعے نیچے منتقل کیا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹور گائیڈ نے سیاحوں کی توجہ حاصل کرنے کیلئے یہ انتہائی قدم اٹھایا، اس موقع پر وہاں موجود لوگ بجائے اسے روکنے کے مسلسل ہنستے دکھائی دے رہے تھے۔
گدھے کو زپ لائن کے ذریعے نیچے منتقل کرنے والی ویڈیو میں لینڈنگ کا منظر شامل نہیں تھا، جس کے باعث یہ خدشہ پیدا ہوا کہ گدھا زخمی ہوا ہوگا۔ تاہم روسی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گدھا محفوظ رہا اور اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد صارفین نے اس عمل کو جانور پر ظلم قرار دیا، بعد ازاں عوامی ردعمل کے بعد اس ویڈیو کو سوشل میڈیا سے ہٹا دیا گیا۔