• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماڈل عبیر افتخار کے شوہر کو برطانیہ میں قید کی سزا

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

برطانیہ میں سابق پاکستانی ماڈل عبیر افتخار کے شوہر سلمان افتخار کو ایئرہوسٹس کو ہراساں کرنے کے جرم میں 15 ماہ قید کی سزا سنادی گئی۔

عبیر افتخار کا شمار پاکستان کی معروف ماڈلز میں ہوتا ہے، انہوں نے کم عمری میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور کئی بڑے ڈیزائنرز کے ساتھ کام کیا، عبیر نے مختلف میگزین شوٹس اور فیشن شوز میں شرکت کی لیکن 5 سال قبل سلمان افتخار سے شادی کے بعد انہوں نے ماڈلنگ سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔

سلمان افتخار برطانیہ میں مقیم ایک کروڑ پتی تاجر ہیں، اطلاعات کے مطابق وہ ہیتهرو ایئرپورٹ سے لاہور جانے والی پرواز میں نشے کی حالت میں سوار تھے اور اس وقت ان کے ہمراہ ان کی پہلی بیوی ارم سلمان اور 3 بچے بھی موجود تھے۔

پرواز کے دوران سلمان نے ایک فضائی میزبان کو ہراساں کیا، مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کی دھمکی دی، نسلی تعصب پر مبنی نازیبا زبان استعمال کی اور کہا کہ وہ اسے آگ لگادیں گے۔

متاثرہ ایئرہوسٹس انگی والش 37 سال سے اپنی خدمات سر انجام دے رہی تھیں، اس واقعے کے بعد شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوئیں اور تقریباً 14 ماہ تک چھٹیوں پر رہیں۔

یہ واقعہ فروری 2023ء میں پیش آیا، تاہم سلمان افتخار کو ایک سال بعد مارچ 2024ء میں انگلینڈ میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کی تحقیقات کے بعد سلمان افتخار نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کیا، لندن کی عدالت نے انہیں قتل کی دھمکی دینے اور ہراسانی کے الزامات پر 15 ماہ قید کی سزا سنائی۔

عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ سلمان افتخار کا رویہ ناصرف ایئرہوسٹس بلکہ تمام مسافروں کے لیے خطرناک اور ناقابل قبول تھا اور ایسی حرکتوں کی کوئی گنجائش نہیں۔

واضح رہے کہ سلمان افتخار کی یہ دوسری شادی ہے، انہوں نے عبیر افتخار سے 5 سال قبل شادی کی تھی، عبیر افتخار کی بھی یہ دوسری شادی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید