• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشل میڈیا پر منفی تبصرے ذہنی صحت پر اثر انداز ہوتے ہیں، طوبیٰ انور کا اعتراف

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ طوبیٰ انور نے مشہور شخصیات کی آن لائن ٹرولنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان سے متعلق بات کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین پر زور دیا کہ وہ اپنے تبصروں میں ہمدردی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

طوبیٰ انور نے جیو ڈیجیٹل کو ایک خصوصی انٹرویو دیا جس میں اُنہوں نے ذہنی صحت، سوشل میڈیا کے دباؤ اور سماجی رویے کے بارے میں بات کی۔

انٹرویو کے دوران ان سے یہ سوال کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر ہونے والے تبصرے کس طرح کسی انسان کی ذہنی صحت پر اثر انداز ہوتے ہیں؟

اداکارہ نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ جب کسی کے سوشل میڈیا پر لاکھوں فالوورز ہوتے ہیں تو لوگ ہر طرح کے تبصرے کرتے ہیں کچھ تو اس قدر نامناسب ہوتے ہیں کہ ہر کسی کو ناگوار گزریں گے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ لوگ جو یہ کہتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر ہونے والے منفی تبصروں سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے، یہ سچ نہیں ہے کیونکہ اگر کسی کے بارے میں ذاتی طور پر کچھ کہا جاتا ہے تو وہ اس پر اثر انداز ہوتا ہے۔

طوبیٰ انور نے مزید کہا کہ ہم عوامی شخصیت ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کوئی جو چاہے ہمارے بارے میں  کہہ سکتا ہے۔

انٹرویو کے دوران ان سے یہ سوال بھی پوچھا گیا کہ کیا مشہور شخصیات کو سوشل میڈیا پر اپنے بارے میں ہونے والے منفی تبصروں کا جواب دینا چاہیے؟

اداکارہ نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر اداکار اپنے بارے میں ہونے والے منفی تبصروں کا جواب دیتے ہیں تو اُنہیں فوری طور پر بدتمیز یا مغرور قرار دے دیا جاتا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ بہت افسوسناک ہے کہ لوگ نتائج کے بارے میں سوچے بغیر سوشل میڈیا پر کچھ بھی کہہ دیتے ہیں، اُنہیں یہ بات سوچنی چاہیے کہ ان کی باتیں دوسروں کے ذہنوں پر اثر انداز ہوتی ہیں اور اس کا گناہ بھی ہوتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید