پاکستانی سابق رکنِ قومی اسمبلی، ٹی وی کی معروف شخصیت مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ و اداکارہ طوبیٰ انور کا کہنا ہے کہ اداکاری کے میدان میں میرا کوئی رہنما نہیں رہا میں نے اداکاری خود سیکھی ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت مختلف امور پر اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’میں اسکرین پر کام کرنے سے قبل پروڈکشن میں کام کیا کرتی تھی، اسی دوران مجھے آڈیشن کی پیشکش ہوئی اور مجھے منتخب کر لیا گیا اس طرح اداکاری کا آغاز ہوا۔‘
انہوں نے کہا، ’میں نے کسی سے اداکاری کبھی نہیں سیکھی نہ کسی نے اس حوالے سے رہنمائی کی کیونکہ کبھی اداکاری کے میدان میں آنے کا ارادہ ہی نہیں تھا۔‘
طوبیٰ انور کے مطابق میں نے اداکاری کام کرتے کرتے خود سیکھی، کیونکہ انسان اپنے اردگرد کے ماحول سے سیکھتا ہے اور میں نے بھی یہی کیا جس میں میرے ساتھی اداکاروں اور ہدایتکاروں کا اہم کردار رہا۔
اداکارہ کے مطابق اب ڈرامے دیکھنے کا نظریہ تبدیل ہوگیا ہے، اب ڈرامے فلمیں دیکھ کر توجہ اداکار کے تاثرات اور اداکاری پر ہوتی ہے۔