• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انوراگ کشیپ کے ’جھوٹا آدمی‘ کہنے پر وویک اگنی ہوتری کا ردِعمل

انوراگ کشیپ اور وویک رنجن اگنی ہوتری—تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا
انوراگ کشیپ اور وویک رنجن اگنی ہوتری—تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بالی ووڈ فلم ساز وویک اگنی ہوتری نے فلم ساز انوراگ کشیپ کے ’جھوٹا آدمی‘ کہنے پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو میں فلم ساز وویک رنجن اگنی ہوتری نے انوراگ کشیپ کے حالیہ الزامات کا جواب دیتے ہوئے ان کی بھارتی سنیما میں خدمات کو بھی تسلیم کیا، تاہم انوراگ کشیپ کی شراب نوشی کی عادت پر دیے گئے اپنے پچھلے بیانات پر ڈٹے رہے ہیں۔

وویک اگنی ہوتری نے کہا ہے کہ انوراگ کشیپ ایک شاندار آدمی ہیں اور بھارتی سنیما میں ان کی خدمات بے مثال ہیں، لیکن ان کی شراب نوشی کی وجہ سے میری فلم کو نقصان پہنچا۔

انوراگ کشیپ کی جانب سے حالیہ تبصرے میں خود کو ’جھوٹا آدمی‘ کہنے پر وویک اگنی ہوتری نے محتاط جواب دیتے ہوئے ان کے درمیان دیرینہ کشیدگی پر بات کی ہے۔

انٹرویو میں وویک نے کہا ہے کہ اسے (انوراگ کشیپ کو) چھوڑو، وہ رات کو کچھ اور صبح کچھ اور کہتا ہے، اس کی دونوں باتوں میں فرق ہوتا ہے، جس کے اندر 2-3 آدمی رہتے ہوں اس کی بات پر کیا رائے دی جائے؟ ہاں میں نے اس کی شراب نوشی کے بارے میں بات کی تھی اور یہ حقیقت ہے لیکن میں نے کبھی نہیں کہا کہ انوراگ برا انسان ہے، وہ ایک شاندار آدمی ہے، اس کی بھارتی سنیما کے لیے جو خدمات ہیں وہ بے مثال ہیں، انوراگ کشیپ جیسا ایک ہی شخص ہو سکتا ہے، جب بھارتی سنیما کی تاریخ لکھی جائے گی تو لوگ اسے ضرور یاد رکھیں گے۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب انوراگ کشیپ نے سوشل میڈیا پر وویک کو جھوٹا آدمی کہہ کر تنقید کا نشانہ بنایا اور ایک پرانی بحث کو پھر سے زندہ کر دیا جو کہ فلم دھن دھنا دھن گول کی عکس بندی کے دوران دونوں کے درمیان پیدا ہوئی تھی، اس فلم میں جان ابراہم، ارشد وارثی اور بپاشا باسو نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

وویک نے کہا کہ میری فلم انوراگ کی شراب نوشی کی وجہ سے متاثر ہوئی، اس میں کیا غلط ہے؟ زندگی کے ایک دور میں میں خود بھی بہت شراب پیتا تھا اور میری ورک لائف متاثر ہوئی تھی، میں آج بھی اپنے اس بیان پر قائم ہوں کہ انہوں نے اپنا کام وکرم آدتیہ موٹوانے کو دے دیا تھا، آپ اُس کمپنی سے پوچھ سکتے ہیں جس نے انہیں ہائر کیا تھا۔

وویک اگنی ہوتری اپنے آنے والے پروجیکٹ دی بنگال فائلز کے ساتھ اپنی سیاسی طور پر متنازع فلموں کی سیریز کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دی بنگال فائلز سے توقع ہے کہ یہ مغربی بنگال میں سیاسی تشدد اور نظریاتی تنازعات کی تاریخ کو پیش کرے گی، اس فلم میں متھن چکرورتی، انوپم کھیر، پلوی جوشی اور درشن کمار مرکزی کرداروں میں ہیں۔

دوسری طرف انوراگ کشیپ فلم نشانچی پر کام کر رہے ہیں، جو ایکشن سے بھرپور ڈرامہ فلم ہے، آنے والی فلم نشانچی کا ٹیزر جمعے کو جاری کیا گیا۔

اس فلم سے بالا صاحب ٹھاکرے کے پوتے آئیشوارے ٹھاکرے فلمی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید