سابق بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل نمرتا شروڈکر نے شوہر کو اپنا سب کچھ قرار دیتے ہوئے مہیش بابو کو ان کی 50ویں سالگرہ پر سب سے پیاری مبارک باد دی ہے۔
یہ مبارک باد اداکار مہیش بابو کو ان کی اہلیہ نمرتا شروڈکر نے انسٹاگرام پر دی ہے جس میں سری لنکا کے اپنے حالیہ دورے کی پورے خاندان کی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے مہیش بابو کو اپنا سب کچھ قرار دیا ہے اور ان کے ساتھ گزاری جانے والی پریوں کی کہانی جیسی زندگی کے بارے میں لکھا۔
نمرتا نے جو تصویر پوسٹ کی ہے اس میں مہیش کے ساتھ بیٹی ستارہ اور بیٹا گوتم کھڑےہیں جبکہ نمرتا مسکراتے ہوئے اپنا گال گوتم کے کندھے پر رکھے ہوئے ہیں۔
تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا ہے کہ اس شخص کو سالگرہ مبارک ہو جو زندگی کو ایک خواب جیسا بنا دیتا ہے، میری محبت، میری طاقت، میرے لیے سب کچھ، ہمیشہ تم سے محبت رہے گی۔
ستارہ اور گوتم نے بھی اپنے والد کو سالگرہ کی مبارک باد دی ہے، ستارہ نے اپنے بچپن کی ایک پرانی تصویر مہیش کے ساتھ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ دنیا کے سب سے بہترین والد کو سالگرہ مبارک ہو، میں آپ سے پیار کرتی ہوں۔
گوتم نے لکھا ہے کہ ہمیشہ میرے پہلے ہیرو آپ ہیں، آپ کی سالگرہ بہترین گزرے۔
گوتم نے کئی سالوں کی تصاویر کا ایک کولاج بھی پوسٹ کیا ہے۔
مہیش بابو کو مداحوں کے علاوہ اداکاروں جونیئر این ٹی آر، رام چرن، چرنجیوی اور دیگر مشہور شخصیات کی جانب سے بھی مبارک باد دی گئی ہے۔
مہیش اور نمرتا نے فروری 2005ء میں شادی کی تھی اور یہ جوڑی اپنے بچوں کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزار رہی ہے۔
مہیش بابو جلد ہی ایس ایس راجہ مولی کی اب تک بے نام فلم SSMB 29 میں نظر آئیں گے، جس کے بارے میں افواہ ہے کہ اس کا نام گلوب ٹراٹر رکھا گیا ہے۔
مہیش اور راجہ مولی نے گلوب ٹراٹر ہیش ٹیگ کے ساتھ فلم کی پہلی جھلک بھی پوسٹ کی ہے، جس سے مداح یہ سوچنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ کیا فلم کا نام یہی ہو گا؟ اس فلم میں پریانکا چوپڑا اور پرتھوی راج سوکومارن بھی کام کر رہے ہیں۔