• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلگام واقعہ کی آڑ لے کر پاکستان پر جارحانہ حملے میں بری طرح شکست کھانے کے بعد دنیا بھر میں بھارت کی جو رسوائی، جگ ہنسائی اور بزعم خود خطے کا ’چوکیدار‘ ہونے کی فرضی ساکھ تباہ ہوئی، مودی سرکار اس کے زخموں کو اب تک نہیں بھولی۔ پاکستان نے اس جنگ میں پہلے ہی روز ناقابل تسخیر سمجھے جانے والے رافیل سمیت 6بھارتی طیارے مار گرائے تھے جس کا اسی وقت تباہ ہونے والے طیاروں کی تصاویر کے ساتھ اعلان بھی کیا تھا عالمی میڈیا اور خود بھارتی سیاستدانوں اور حکام نے اس کی تصدیق بھی کی۔ حتیٰ کہ امریکی صدر ٹرمپ بھی اس کا حوالہ دیتے ہیں۔ بھارتی حکومت اور فوج خود دم بخود رہ گئی اور میڈیا سمیت پارلیمنٹ میں ہونے والے تندوتلخ سوالوں کا کوئی جواب نہ دے سکی۔ اب جبکہ اس بڑی ہزیمت کا چرچا ہوچکا مودی سرکار کے حکم پر بھارتی ایئرچیف امرپریت سنگھ تین ماہ کی طویل خاموشی کے بعد یہ دور کی کوڑی لائے ہیں کہ بھارت نے بھی پاکستان کے 6لڑاکا طیارے اپنے اڈوں پر کھڑے کھڑے تباہ کردیئے تھے۔ بھارتی اپوزیشن نے اس پر ملک میں نیا ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے اور مودی سے پوچھا ہے کہ اس کا اعلان اسی وقت کیوں نہ کیا گیا اور اگر یہ سچ ہے تو اس کا کوئی ثبوت تو لائو۔ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی ایئر چیف کے دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے اسکی تردید کی اور آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق کرانے کا چیلنج دیا۔ انہوں نے بھارت کو یاد دلایا کہ جنگیں جھوٹ سے نہیں قومی عزم اخلاقی برتری اور پیشہ ورانہ مہارت سے جیتی جاتی ہیں۔ پاکستان نے جو کیا اس کے ثبوت بھی دنیا کے سامنے اسی وقت پیش کئے۔ بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے مودی سے پوچھا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستانی طیارے تباہ کئے تھے تو آپریشن سیندور کیوں اور کس کے دبائو پر روکا۔ مبصرین نے اس جھوٹے دعوے کو بھارتی لیڈروں کے عقل سے پیدل ہونے کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

تازہ ترین