بھارت میں جعلی پولیس اسٹیشن پر اصلی پولیس نے چھاپا مار کر 6 افراد کو گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر نوئیڈا میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک احاطے پر چھاپہ مارا جہاں ملزمان نے ایک سرکاری ایجنسی سے مشابہ دفتر قائم کیا ہوا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے چھاپے کے دوران متعدد جعلی آئی ڈیز، مہریں اور لیٹر ہیڈ برآمد کر کے قبضے میں لے لیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جعلی تھانے کا نام ’انٹرنیشنل پولیس اینڈ کرائم انویسٹی گیشن بیورو آفس‘ رکھا گیا تھا۔
گرفتار ملزمان نے مبینہ طور پر مختلف وزارتوں بشمول قبائلی امور اور سماجی انصاف کے نام پر جعلی سرٹیفکیٹ بھی بنائے ہوئے تھے اور فنڈز لینے کے لیے ویب سائٹ بھی بنا رکھی تھی۔
نوئیڈہ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے مختلف قسم کے شناختی کارڈز، اسٹیمپس اور دستاویزات کے ساتھ 43 ہزار روپے نقد بھی برآمد کیے گئے ہیں۔