پاناما کی گیشا کافی نے دنیا کے سب سے مہنگے داموں فروخت کا ریکارڈ قائم کر دیا۔
پاناما کی مشہور گیشا کافی نے ایک بار پھر تاریخ رقم کر دی، بیسٹ آف پاناما 2025ء انٹرنیشنل آن لائن آکشن میں اس کا فی کلو گرام ریکارڈ 30 ہزار 204 امریکی ڈالر (فی پاؤنڈ 13 ہزار 705 ڈالر) میں فروخت ہوا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاناما کے صوبے چریکی کے ایک چھوٹے قصبے بوکیٹے میں واقع ہاسینڈا لا ایسمریلڈا فارم میں تیار کی گئی واشڈ گیشا کافی کو دبئی کے ایک خریدار نے خرید لیا۔
اسی فارم میں اگائی گئی نیچرل گیشا قسم کی کافی چین کے ایک خریدار نے 23 ہزار 608 ڈالر فی کلوگرام کے بھاؤ میں حاصل کی جبکہ مختلف اقسام کی کیٹگری میں لارینا قسم کی کافی 8 ہزار 40 ڈالر فی کلوگرام میں بھی ایک چینی خریدار نے خریدی۔
کُل 50 میں سے 30 لاٹ ایسی تھیں جو ایک ڈالر فی کلوگرام سے زائد قیمت پر فروخت ہوئیں، جس سے مجموعی فروخت 28 لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گئی، یہ اعداد و شمار 2024ء کے مقابلے میں دو گنا سے بھی زیادہ ہیں۔
اس بین الاقوامی آکشن میں چین، جاپان، جنوبی کوریا، دبئی، امریکا، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک کے خریداروں نے حصہ لیا۔