غزہ میں اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے الجزیرہ کے پانچ صحافیوں کی تدفین کر دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے شہداء میں انس الشریف، محمد قریقہ، کیمرہ مین ابراہیم ظاہر، مومن علیوا اور معاون محمد نوفل شامل ہیں۔
اسرائیل کے دانستہ حملے پر عالمی سطح پر شدید مذمت جاری ہے۔
یورپی یونین، چین، جرمنی اور اقوام متحدہ نے اسے بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
قطری میڈیا الجزیرہ کے صحافیوں کی غزہ میں شہادت پر دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے ہیں۔
دمشق، راملہ، ہیگ اور بغداد میں عوام و صحافیوں نے اسرائیلی جارحیت اور صحافیوں کے قتل کے خلاف آواز بلند کی ہے۔
آسٹریلیا کی وزیرِ خارجہ پینی وونگ اور برطانیہ کے مشرق وسطیٰ کے وزیر ہیماش فالکنر نے کہا ہے کہ صحافیوں کو دنیا میں کہیں بھی محفوظ طریقے سے کام کرنے کا حق حاصل ہے اور اسرائیل کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ کایا کالاس نے بھی اسرائیلی حملے میں صحافیوں کی ہلاکت کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول اقدام قرار دیا ہے۔