وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کے کلیدی کردار کو بجا طور پر سراہتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تمام اقلیتوں کی فلاح و بہبود حکومت کے ترجیحی فرائض میں شامل ہے۔ حکومت اقلیتوں کی سرکاری اداروں، پارلیمنٹ اور قومی دھارے میں بھرپور شمولیت کیلئے پُرعزم ہے۔ اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے صراحت کی کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ملکی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کے کلیدی کردار کی تحسین میں اقوام عالم کے ساتھ ہے اور آج ہم بانی پاکستان کے اقلیتوں کے بارے میں فرمودات اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اقلیتوں کی مذہبی آزادی اور یکساں حقوق کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی 11اگست 1947ءکی تاریخی تقریر کو پاکستان میں اقلیتوں کے محفوظ مستقبل کی نظریاتی ضمانت قرار دیتے ہوئے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ سکھ، عیسائی،ہندواور پارسی سمیت پاکستان میں موجود تمام اقلیتوں کی فلاح و بہبود حکومت کے ترجیحی فرائض میں شامل ہے۔بلاشبہ پاکستان میں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے دفاع، تعلیم، صحت اور قانون سمیت ہر شعبہ زندگی میں نہایت قابل قدر خدمات انجام دی ہیں اور بحیثیت مجموعی ملک کی پوری اقلیتی آبادی قومی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے جبکہ وزیر اعظم نے حقیقت کی بالکل درست نشان دہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ نہ صرف حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے بلکہ یہ ہمارا مذہبی فریضہ بھی ہے کیوں کہ اسلام اقلیتوں کے شہری، مذہبی اور سماجی حقوق کی تحفظ کی خصوصی تلقین کرتا ہے جس کی بنا پر علمائے کرام کا اقلیتوں کی عزت و ناموس اور انکی مذہبی آزادی کے تحفظ میں کلیدی کردار ہے۔ ان حقائق کے باوجود اقلیتوں کے حقوق اورسماجی سطح پر ان کیساتھ مساوی سلوک کے معاملے میں اگر کہیں کوئی کسر پائی جائے تو اسکا فوری ازالہ کیا جانا چاہئے۔