• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شکست خوردہ مودی سرکار کی ’آپریشن سندور‘ کو کیش کرانے کی کوشش

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بھارتی سرکار ایک بار پھر سوشل میڈیا پر مذاق بن گئی۔ صرف یہی نہیں بلکہ حاضر سروس افسران کی ٹی وی شو میں شرکت اور نام نہاد فوجی آپریشن کی کہانی بیان کرنے پر بھی بھارتی حکومت اور افواج پر خوب تنقید کی جارہی ہے۔

بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر 15 اگست کو پیش کئے جانے والے مشہورِ زمانہ شو ’کون بنے گا کروڑ پتی (کے بی سی)‘ کی قسط کا ٹیزر جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا پر طوفان برپا ہوگیا۔

کے بی سی کی مذکورہ قسط میں بھارتی آپریشن سندور کی حاضر سروس خواتین افسران، بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی، بھارتی فضائیہ کی ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ اور بھارتی فوج کی کمانڈر پریرنا دیوستھالی کو مدعو کیا گیا۔

جاری کردہ ٹیزر میں شو کے میزبان اور نامور اداکار امیتابھ بچن کو فوجی افسران کا استقبال کرتے دیکھا گیا، بطور مہمان شرکت کرنے والی فوجی افسران کو بھی آپریشن سندور کے گن گاتے دیکھا گیا۔


صارفین اسے مودی حکومت کی جانب سے پی آر اسٹنٹ قرار دے رہے ہیں اور بھارتی حکمرانوں پر قوم پرست مؤقف کے لیے ٹی وی شو کے استعمال کا الزام عائد کر رہے ہیں۔

بھارتی سوشل میڈیا صارفین حکومت کے اس عمل کو عوامی جذبات بھڑکانے کے مترادف قرار دے رہے ہیں اور سوال کر رہے ہیں کہ کیا واقعی ٹی وی شو ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں ملک کی افواج کو پیش کر کے حکومت کا دفاع کیا جائے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ہماری حب الوطنی کو تماشا بنایا جا رہا ہے۔ ایک دن، ہم نے سنا کہ پہلگام میں جان گنوانے والے بحریہ کے افسر کی اہلیہ ہمانشی نروال سے بگ باس نے رابطہ کیا اور اب خواتین افسران کو کے بی سی میں مدعو کیا جا رہا ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ مودی آپریشن سندور کے بیانے کو اس لیے دہرا رہے ہیں تاکہ سچ کو دبایا جاسکے، اس کے لیے انہوں نے 3 حاضر افسران کو شو میں بھیجا اور فوج کو اپنی سیاست کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید