• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر: دریاؤں میں طغیانی، کار بہہ گئی، سیاحوں کو بچا لیا گیا

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، باغ کے برساتی نالے میں سیاحوں کی گاڑی بہہ گئی، مقامی لوگوں نے کار میں سوار چاروں سیاحوں کو بچا لیا۔

آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بارش، نالوں اور دریاوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے، وادیٔ نیلم میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے اور رتی گلی جھیل کی سڑک سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق اٹھ مقام میں ریلے میں کئی سیاح پھنس گئے جنہیں رسیکیو کر لیا گیا، وادیٔ نیلم اور مچھیارہ نالے میں طغیانی سے پُل، 2 مکانات اور پن چکی کو نقصان پہنچا۔

کھریگام دوسٹ، تہجیاں اور جاگران نالوں میں بھی طغیانی آئی ہے، مچھیارہ کے مقام ڈنہ دلیاڑ میں پہاڑ سے پتھر گرنے سے خاتون جاں بحق ہو گئی۔

سماہنی میں نالہ بھمبر میں اونچے درجے کا سیلاب آیا ہے، جہلم ویلی میں شدید بارش سے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا، ہٹیاں بالا اور وادیٔ نیلم میں بھی ندی نالوں میں طغیانی ہے۔

باغ کے نالہ مالوانی میں طغیانی سے لاری اڈے کے لیے لگائی گئی حفاظتی دیوار ٹوٹ گئی۔

ضلعی انتظامیہ کےمطابق طغیانی سے شہری آبادی اور لاری اڈہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، شرقی باغ کے برساتی نالے میں سیاحوں کی گاڑی بہہ گئی، گاڑی میں پھنسے تمام افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔

ہٹیاں بالا میں مختلف ندی نالوں میں طغیانی ہے، طغیانی سے شاہراہ سرینگر اور بین الاضلاعی سڑکوں پر پتھر آ گئے، جس سے سڑکیں جزوی طور پر متاثر ہوئی ہیں، نالے بپھرنے سے متعدد دکانیں بھی متاثر ہوئیں۔

ضلع جہلم ویلی میں شدید بارش سے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔

نکیال میں نالہ مجہان، نالہ میرہ، نالہ بان میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی ہے۔

بھمبر نالے میں بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے، سماہنی و گرد و نواح میں موسلا دھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی ہے۔

قومی خبریں سے مزید