پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دُکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں خیبر پختونخوا کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع دلخراش اور افسوسناک سانحہ ہے۔
انہوں نے متاثرین کے لیے دعا گو ہوتے ہوئے مزید کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ زخمیوں کو صحتِ کاملہ اور شہداء کو جنت الفردوس عطا فرمائے، آمین۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں 48 گھنٹوں میں بارش، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات سامنے آگئیں ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق خیبرپختونخوا میں 321 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے سمیت پاک آرمی اور ضلعی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔
بونیر میں جاں بحق افراد کی تعداد 184 جبکہ 23 افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں میں 17 مرد، 4 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔