شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے) نالہ بھیڈ میں آنے والی طغیانی نے ایک مرتبہ پھر علاقہ میں فصلوں کا شدید نقصان ہوا ہے جبکہ ضلع شیخوپورہ میں سیلاب آنے کے خطرے کا اعلان کردیا گیا ہے اور بی آر بی لنک نہر پر عوام کی طرف سے ممکنہ طور پر آبادیوں کوبچانے کیلئے شگاف ڈالنے کی کارروائی کو روکنے کیلئے ضلع حکومت نے محکمہ پولیس کی مدد مانگ لی ہے اور ہدایت جاری کی ہے کہ بی آر بی سمیت تمام راجباہوں پر پولیس کا گشت فوری بڑھا دیا جائے، ضلع شیخوپورہ میں ممکنہ سیلاب کی بناء پر محکمہ آبپاشی، محکمہ پولیس،لائیو اسٹاک ، صحت ، مال ، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122اور دیگر کئی محکموں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور ممکنہ طور پر سیلاب کی زد میں آنے والے علاقوں میں محکمہ صحت اور محکمہ لائیو اسٹاک کے ریلیف کیمپ لگا دیئے گئے ہیں اور ممکنہ سیلاب کی زد میں آنے والی بستیوں کے مکینوں کو عارضی طور پر ریلیف کیمپوں میں منتقل کرنے کا بندوبست 12سرکاری سکولوں میں کیا گیا ہے، نالہ بھیڈ میں آنیوالی شدید طغیانی کے باعث گاؤں فتح پوری اور اس کے ملحقہ بستیوں میں شدید تباہی مچ گئی ہے ۔