شیخوپورہ(نمائندہ جنگ )جشن آزادی کے سلسلہ میں ڈی سی او ارقم طارق کے خصوصی ہدایت پر تشکیل دیے گئے شیڈول کے مطابق مرکزی تقریب 14اگست اتوار صبح 8:30 بجے کمپنی باغ شیخوپورہ میں ہو گی جس میں ڈی سی او ارقم طارق اور منتخب نمائندہ گان قومی و صوبائی اسمبلی پرچم کشائی کریں گے ۔ تقریب میں قومی ترانہ کے فرائض پولیس بینڈ سرانجام دے گا جبکہ تمام تر انتطامات کے لئے ضلعی حکومت کے افسران کی ڈیوٹی لگا دی ہے۔ تقریبات کا سلسلہ 18 اگست تک جاری رہے گا جس کا انعقاد یکم اگست کو ڈی سی او ارقم طارق نے جمنیزیم ہال میں بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کا میچ کھیل کر کیا۔ جشن آزادی کے پروگراموں کے حوالے سے منتخب سکولوں اور کالجز میں مقابلہ حسنِ نعت، یوم آزادی کے حوالے سے ملی نغمے ، تقریری مقابلے ، ٹیبلواور سکاؤٹ پریڈ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔تحصیل اور ضلعی سطح پر 20/20 کرکٹ میچ،والی بال ، بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے بھی کرائے جائیں گے ۔کبڈی میچ 12اگست کو جبکہ ہاکی میچ 13اگست کو دوسہرا گراؤنڈ میں ہوگا امن اور محبت کا پیغام پہچانے کے لئے صوفی نائٹ کا اہتمام 12 اگست کی رات کوجبکہ مشاعرہ 13 اگست کی رات ضلع کونسل ہال میں کیا گیا ہے ۔طالبِ علموں کے فنی ہنر کی حوصلی افزائی کے لئے پینٹنگ کے مقابلے 13اگست کو جمنیزیم ہال میں ہوں گے جبکہ فن پاروں کی نمائش پنجاب آرٹس کونسل کے تعاون سے 14 اگست کو پرچم کشائی کے بعد جمنیزیم ہال میں کی جائے گی ۔ ایتھلیٹس کے مقابلوں،کراٹے اور دیگر تمام تقریبات کو عوام اور شیخوپورہ کے کھلاڑیوں نے خوب سراہا ہے ۔ ڈی سی او ارقم طارق نے عوام کو دعوت دی ہے کہ تقریبات میں شامل ہو کر بچوں کی حوصلہ افزائی کریں اور آزادی کے جذبہ سے بھرپور تقریبات کی حصہ بنیں۔ فوکل پرسن ایونٹ ڈی او سی محبوب عالم اس سلسلہ کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔