وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت ڈیجیٹائزیشن، لین دین کا نظام کیش لیس اور ڈیجیٹل کرنے پر کام کر رہے ہیں۔
وزیرِاعظم کی زیرِ صدارت کیش لیس اور ڈیجیٹل معیشت سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، عطاء تارڑ، شزا فاطمہ، علی پرویز ملک، احد چیمہ شریک تھے۔
اجلاس میں وزیرِاعظم کے مشیر توقیر شاہ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، تمام چیف سیکریٹریز سمیت دیگر حکام موجود تھے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ راست نظام کو ضلعی سطح پر لے جانے کے لیے تمام چیف سیکریٹریز وفاقی حکومت سے بھرپور تعاون کریں۔
وزیرِ اعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان ڈیجیٹل پبلک انفرااسٹرکچر کے ذریعے ڈیجیٹل آئی ڈیز بنائی جائیں گی، جن کے ذریعے ادائیگیاں کی جا سکیں گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل آئی ڈیزمیں قومی شناختی کارڈ، بائیو میٹرک اور موبائل فون نمبرز کی معلومات ہوں گی۔