سینئر اور باصلاحیت اداکار شبیر جان نے معروف اداکار ہمایوں سعید کی اداکاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمایوں کی اداکاری سے متاثر نہیں ہیں۔
پاکستان کے سپر اسٹار ہمایوں سعید اپنی کامیاب اداکاری اور پروڈکشن کے باعث شوبز انڈسٹری کے سب سے بڑے ناموں میں شمار ہوتے ہیں۔ فلموں اور ڈراموں میں ان کے کام کو مداحوں کی جانب سے بےحد پسند کیا جاتا ہے۔
اداکار شبیر جان بھی پاکستان کے سینئر اور باصلاحیت فنکار ہیں، جو اپنی کردار نگاری کی مہارت کے باعث الگ پہچان رکھتے ہیں۔
حال ہی میں وہ جیو ٹی وی کے پروگرام ہسنا منع ہے کے مہمان بنے جہاں انہوں نے ساتھی فنکاروں کے بارے میں گفتگو کی۔
ہمایوں سعید کے بارے میں شبیر جان نے کہا کہ وہ نہایت محنتی اداکار ہیں اور انہوں نے اپنی محنت سے آج یہ مقام حاصل کیا ہے تاہم میں ان کی اداکاری سے زیادہ متاثر نہیں ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمایوں سعید کا فن ابھی بڑے اداکاروں کے معیار تک نہیں پہنچا۔
شبیر جان نے شوبز انڈسٹری کے رجحان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب اداکار کم اور ماڈلز زیادہ ہیں، سب کو اپنی اسکرین لُکس کی فکر رہتی ہے، کردار پر کوئی توجہ نہیں دیتا۔