• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: طلاق سے چند روز قبل شوہر نے بیوی اور بیٹے کو زخمی کرکے خودکشی کرلی

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع جھنجھنو میں پولیس کانسٹیبل نے طلاق سے چند روز قبل اپنی بیوی اور 6 سالہ بیٹے پر تلوار سے حملہ کرکے خودکشی کرلی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق  راجکمار کانتیوال راجستھان آرمیڈ کانسٹیبلری (آر اے سی) کا اہلکار تھا، اس کی 7 سال قبل کوِیتا دیوتھیا نامی خاتون سے شادی ہوئی تھی، دونوں دو سال سے علیحدہ رہ رہے تھے۔

راجکمار سری گنگا نگر میں ڈیوٹی کرتا تھا اور 16 اگست کو چھٹی پر جھنجھنو آیا تھا، میاں بیوی کو 20 اگست کو عدالت میں طلاق کے کیس میں سماعت کیلئے حاضر ہونا تھا، تاہم وہ آج اپنی بیوی کے فلیٹ پر گیا تو وہاں پر اس کا جھگڑا ہوگیا اور راجکمار نے بیوی اور بیٹے پر تلوار سے حملہ کردیا، پڑوسیوں کے پہنچنے پر وہ وہاں سے فرار ہوگیا، جس کے بعد خاتون اور بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

کانسٹیبل کی بیوی کوِیتا کی ایک انگلی کٹ گئی اور خون تیزی سے بہنے پر اسے مزید علاج کیلئے جے پور بھیج دیا گیا، جبکہ اس کے بیٹے کے گلے پر گہرا زخم لگا تھا۔

واقعے کے تقریباً 3 گھنٹے بعد پولیس کو راجکمار کی لاش ریلوے لائن پر ملی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس نے اپنی گاڑی انڈر پاس کے قریب کھڑی کی اور آتی ہوئی ٹرین کے سامنے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔

پولیس کی تحقیقات کے دوران راجکمار کی مبینہ طور پر خودکشی سے پہلے ریکارڈ کی گئی آڈیو اور ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں اس نے دعویٰ کیا کہ اس کی بیوی ایک شخص کے ساتھ رابطے میں تھی اور اس پر طلاق کیلئے دباؤ ڈال رہی تھی، جبکہ وکرم اور کویتا اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتے تھے۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ راجکمار اور کویتا کے درمیان 12 جولائی کو ایک تحریری معاہدہ بھی کیا گیا تھا، جس میں یہ طے پایا گیا تھا کہ وہ اپنے خاندان اور رشتہ داروں کو جھگڑے میں ملوث نہیں کریں گے اور اپنی آمدنی پر خود گزارا کریں گے، جبکہ معاہدے میں اس بات کا بھی ذکر شامل تھا کہ راجکمار، وکرم کو بالکل بھی پریشان نہیں کرے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید