بھارتی ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں نوجوان نے گرل فرینڈ کے خودکشی کرنے پر دل برداشتہ ہو کر اس کی ماں اور بھائی پر کلہاڑی سے حملہ کر دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ونیٹ عرف گولو راوت اور موہنی آپس میں دوست تھے اور ایک دوسرے سے محبت بھی کرتے تھے، ڈیڑھ ماہ قبل گھر والوں کی جانب سے دونوں کو آپس میں ملنے سے منع کرنے پر موہنی نے مبینہ طور پر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی تھی۔
گزشتہ روز موہنی کی والدہ انجو گوتم اپنے بیٹے کے ہمراہ اپنے گاؤں سے واپس آ رہی تھیں کہ راستے میں ونیٹ نے ان پر حملہ کر دیا، ماں کو بچانے کی کوشش میں اس کا بیٹا بھی زخمی ہو گیا۔
علاقہ مکینوں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی ماں بیٹے کو اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم حملے کے بعد فرار ہو گیا ہے، اس کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔