پاکستان کے معروف ٹک ٹاکر ڈکی بھائی کے بعد سابق کپتان وسیم اکرم بھی آن لائن ایپ کے سبب مشکل میں پھنس گئے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور میں ایک شہری کی جانب سے وسیم اکرم کے خلاف کھیلوں میں سٹے بازی اور جوئے کے پلیٹ فارم کو فروغ دینے پر قانونی کارروائی کی درخواست جمع کروائی گئی ہے۔
درخواست گزار نے درخواست میں یہ موقف اپنایا کہ سابق ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم بھارتی بیٹنگ ایپ سے بطور برانڈ ایمبیسڈر منسلک ہیں۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک پوسٹر اور ایک ویڈیو کلپ میں وسیم اکرم کو آن لائن پلیٹ فارم کی توثیق کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس کے سبب عام صارفین مذکورہ ایپ میں دلچسپی دکھا رہے ہیں۔
درخواست گزار نے 2016 کے الیکٹرانک کرائمز ایکٹ کے تحت وسیم اکرم کے خلاف سخت کارروائی کی درخواست کی ہے۔
یہاں یہ واضح رہے کہ وسیم اکرم نے اس حوالے سے فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مذکورہ آن لائن ایپ کی تشہیر کے سلسلے میں معروف ٹک ٹاکر و یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کا بھی 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا تھا۔