وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جاپان کے بیرونی تجارت کے ادارے کے صدر سے ملاقات ہوئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِاعلیٰ مریم نواز نے جاپان کے سرمایہ کاروں کو پنجاب کے اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
انہوں نے پنجاب کے نجی اور سرکاری شعبے کے ساتھ جاپانی بیرونی تجارت کے ادارے کو مشترکہ منصوبوں کے آغاز کی بھی دعوت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس فری اسپیشل اکنامک زونز میں زمین مفت فراہم کرنے کی سہولت دے رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ جاپانی سرمایہ کار اور کمپنیاں پنجاب میں مصنوعات کی تیاری اور اسمبلنگ کے پلانٹ لگائیں، پنجاب مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ کے لیے مینوفیکچرنگ کا مرکز بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ایک بڑی مارکیٹ ہے جس سے جاپانی سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
مریم نواز نے جاپانی کمپنیوں کو نواز شریف آئی ٹی سٹی میں آئی ٹی پارکس بنانے کی بھی دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نوجوانوں کی اکثریت رکھنے والا ملک ہے، جاپانی کمپنیاں انہیں ہنر مند بنانے میں ساتھ دیں، پنجاب کو جاپان کی طرز پر ٹیکنالوجی کی بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔
وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ پنجاب جاپان کو سرجیکل آلات، لیدر مصنوعات اور کھیلوں کا سامان مہیا کر سکتا ہے، پنجاب جاپان کے لیے عمدہ باسمتی رائس کی برآمدکا حجم بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں 20 آپریشنل اسپیشل اکنامک زون غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے دستیاب ہیں۔