گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا پیدل دورہ کیا اور بارش میں بند گاڑیوں کو دھکا لگا کر اسٹارٹ کرایا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ شہریوں کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے ساری رات کھلے ہیں، یہ آپکا گھر ہے، آئیں قیام کریں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی ہدایت پر گورنر ہاؤس میں رین ایمرجنسی سیل قائم کردیا گیا ہے، بارش اور ٹریفک سے متاثرہ شہری ہیلپ لائن 1366 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
گورنر ہاؤس کا رین ایمرجنسی سیل 24 گھنٹے شہریوں کی مدد کے لیے فعال رہے گا۔
دوسری جانب گورنر سندھ نے یوسف گوٹھ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں کھانےکی تقسیم کی، بارش کےپانی سے متاثرہ گھروں کے مکینوں میں کھانا اور ضروری اشیاء فراہم کیں۔
گورنر سندھ کا کہنا ہے مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
واضح رہے کہ کراچی میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر میں اربن فلڈنگ سے پانی ہی پانی جمع ہے، سڑکوں پر پانی سے متعدد گاڑیاں ڈوب گئیں، پانی گھروں میں داخل ہونے لگا جبکہ مختلف علاقوں میں حادثات میں 9 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں کل عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔