انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی بیٹراور سابق کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی کو ٹاپ 100 کھلاڑیوں کی فہرست سے غائب کردیا۔
آئی سی سی اپنی غلطی تسلیم کی، اس حوالے سے وضاحتی بیان جاری کیا اور ایک روزہ کرکٹ کی تازہ رینکنگ میں روہت شرما اور ویرات کوہلی کی درجہ بندی بحال کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے گزشتہ روز ایک روزہ کرکٹ کی بیٹنگ رینکنگ جاری کی، اس کی فہرست سے ویرات کوہلی اور روہت شرما اچانک غائب کردیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کی رپورٹ میں روہت شرما دوسرے اور ویرات کوہلی چوتھے نمبر تھے لیکن نئی فہرست میں وہ غائب ہوئے تو سوشل میڈیا پر شکوک و شبہات اور قیاس آرائیاں جنم لینے لگیں۔
کرکٹ کے دو لیجنڈ کے اچانک درجہ بندی سےغائب ہوئے جو اب تک ایک روزہ کرکٹ کھیل رہے ہیں، جس پر شائقین کرکٹ نے سوال اٹھایا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق شائقین کرکٹ نے استفسار کیا کہ آئی سی سی کی نئی رینکنگ میں روہت شرما اور ویرات کوہلی کی عدم موجودگی کوئی تکنیکی خرابی تھی یا پھر گورننگ باڈی کی جانب سے اسے دانستہ اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا؟
میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی سی سی ترجمان نے غلطی کا اعتراف کیا اور کہا کہ ’آج ہماری رینکنگ ٹیبل میں غلطی ہوئی تاہم اسے درست کردیا گیا ہے‘۔
روہت شرما اور ویرات کوہلی نے آخری بار فروری 2025ء میں یو اے ای میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران ایک روزہ میچ کھیلا تھااور ٹائٹل کی فتح میں اہم کردار نبھایا تھا۔
گزشتہ ہفتے کی رینکنگ اپ ڈیٹ میں شبمن گل پہلے نمبر پر تھے اور روہت شرما نے بابراعظم کی جگہ دوسری پوزیشن اپنے نام کی تھی جبکہ ویرات کوہلی چوتھے نمبر پر تھے۔