• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں فی الحال اسٹیڈیم کی تعمیر کا ارادہ نہیں: چیئرمین سی ڈی اے

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں فی الحال اسٹیڈیم کی تعمیر کا ارادہ نہیں ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کرکٹ اور فٹبال کے 25، 25 گراؤنڈز بنائیں گے، شہر میں کرکٹ اسٹیڈیم بنانے پر پی سی بی کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے۔

محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ ماہرین کی رائے کے بعد دیکھیں گے کہ اسلام آباد میں کہاں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنا ہے، اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے ماہرین ہی لوکیشن کا انتخاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں مختلف کھیلوں کے گراؤنڈز بنانے کے منصوبے ہیں، شہر میں فی الوقت کرکٹ گراؤنڈز کے برے حالات ہیں، کرکٹ گراؤنڈز کی پچز کو انٹرنیشنل معیار کا بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف 9 پارک میں گراؤنڈ اپ گریڈ کرنے کے لیے راشد لطیف کی معاونت لی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں اسٹیڈیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس حوالے سے شدید ردعمل آنے پر سی ڈی اے نے بعد ازاں وضاحت جاری کی تھی پارک میں کسی نئے اسٹیڈیم کو بنانے کا منصوبہ نہیں ہے۔ 

کھیلوں کی خبریں سے مزید