برطانوی شخص نے ایک ہفتے میں 55 رولر کوسٹرز پر سواری کرکے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
رولر کوسٹر کے دیوانے ڈین اسٹوکس نے برطانیہ اور آئرلینڈ کے تمام تھیم پارکس کی رولر کوسٹرز پر سوار ہونے کا ہدف طے کیا تھا، لیکن اسی دوران انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش بھی کریں گے۔
ڈین اسٹوکس نے برطانوی موسم کی غیر متوقع بارشوں اور طوفانی ہواؤں کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھی اور بالآخر ایک ہفتے کے دوران 55 رولر کوسٹرز پر سوار ہوکر عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ بچپن سے ہی انہیں تھیم پارکس اور ایڈونچر رائیڈز سے خاص لگاؤ ہے۔
ریکارڈ بنانے کے دوران سب سے بڑی رکاوٹ خراب موسم بنی، جب طوفان فلورس کے باعث کئی دن پارکس بند رہے، جس کے نتیجے میں وہ 60 سے زائد رولر کوسٹرز پر سواری مکمل نہ کر سکے، اس کے علاوہ مختلف شہروں کے درمیان طویل سفر اور روزانہ کی ویڈیوز ایڈٹ کرنا بھی ایک الگ چیلنج رہا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ وصول کرتے وقت ڈین اسٹوکس نے کہا، ’یہ لمحہ میرے لیے ناقابلِ یقین ہے، میں نے یہ سب کسی ریکارڈ کے لیے شروع نہیں کیا تھا بلکہ محض تفریح اور شوق کی خاطر کیا تھا، اب میں چاہتا ہوں کہ دوسرے شائقین بھی یہ چیلنج قبول کریں اور مجھے خوشی ہوگی اگر کوئی اس ریکارڈ کو توڑ سکے۔‘