• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبئی کے انفلوئنسرز نے بیٹی کیلئے برج خلیفہ کے سامنے اپارٹمنٹ خرید لیا

دبئی میں برج خلیفہ کے سامنے اپارٹمنٹ خریدنے والے نورا اور خالد نامی سوشل میڈیا انفلوئنسرز—تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
دبئی میں برج خلیفہ کے سامنے اپارٹمنٹ خریدنے والے نورا اور خالد نامی سوشل میڈیا انفلوئنسرز—تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

دبئی کے ایک انفلوئنسر جوڑے نے اپنی بیٹی کے بہتر مستقبل کےلیے طویل مدتی سرمایہ کاری کے طور پر برج خلیفہ کے سامنے والا اپارٹمنٹ خرید لیا جس کے بعد انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایک کلپ بھی شیئر کردیا جو وائرل ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دبئی میں مقیم انفلوئنسر جوڑے کی جانب سے شیئر کیے گئے دل کو گرما دینے والے کلپ نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔

نورا اور خالد نامی یہ جوڑا جو ایک مشترکہ انسٹاگرام اکاؤنٹ چلاتا ہے، انہوں نے حال ہی میں ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں وہ اپنی بیٹی کو گود میں اٹھائے اپنے نئے خریدے گئے اپارٹمنٹ میں داخل ہوتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، جہاں سے مشہورِ زمانہ برج خلیفہ کا شاندار منظر دکھائی دیتا ہے۔

نورا کا ویڈیو میں اس سرمایہ کاری کے حوالے سے کہنا ہے کہ ہم نے دراصل یہ سرمایہ کاری اپنی بیٹی سمر روز کے لیے کی ہے، میں نہیں جانتی کہ اس کا مستقبل کیسا ہو گا، میں یہ یقینی بنانا چاہتی ہوں کہ جب وہ بڑی ہو تو اسے مالی پریشانی کے ساتھ نہ جینا پڑے، یہ ہمارے لیے اس لیے بھی بہت قابلِ عمل ہے کیونکہ یہ 1 فیصد ادائیگی کا منصوبہ ہے، ہر مہینے ہمیں 1 فیصد ادائیگی کرنی ہے، یہاں تک کہ تعمیر مکمل ہونے کے بعد بھی، یہ ادائیگی کا طریقہ اس خریداری کو جیب پر بہت آسان بنا دیتا ہے۔

یہ پراپرٹی کس طرح ان کی بیٹی کے مستقبل کو محفوظ بنا سکتی ہے، اس حوالے سے نورا کا کہنا ہے کہ جب یہ پروجیکٹ مکمل ہو جائے گا تو ہم اسے کرائے پر بھی دے سکتے ہیں اور جب ہماری بیٹی 18 یا 20 سال کی عمر کی ہونے کے بعد خود یہاں رہنا چاہے گی تو اس وقت تک ہم اس کی پوری قیمت ادا کر چکے ہوں گے، اس وقت اس کی قیمت دگنی، تگنی، چار یا پانچ گنا بھی ہو سکتی ہے کیونکہ اس سے برجِ خلیفہ کا منظر بھی دکھائی دیتا ہے، یہ ہماری زندگی کی بہترین سرمایہ کاریوں میں سے ایک ہے، میں بس امید کرتی ہوں کہ مستقبل میں، ہم اپنے ہر بچے کے لیے ایسا کر سکیں۔

یہ کلپ اس کیپشن کے ساتھ پوسٹ کیا گیا تھا جس میں لکھا تھا کہ سمر روز کے مستقبل کے لیے یہ سرمایہ کاری کر کے بہت خوش ہیں۔

یہ کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا جس نے 5 لاکھ سے زیادہ ویوز حاصل کیے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے کمنٹس میں تعریف اور تجسس کا اظہار کیا ہے اور اسے بے حد متاثر کن، دل کو گرما دینے والا اور دانشمندانہ فیصلہ قرار دیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید