• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف گرینڈ آپریشن، 300 غیرقانونی کنکشنز منقطع

سکھر(بیورو رپورٹ)چیف ایگزیکٹو سیپکو مجاہد اسلام بلا کی ہدایت پر سپرنٹنڈنٹ انجنیئر عبدالغفار ماکوکی سربراہی میں سیپکو کی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا اس دوران 300سے زائد غیر قانونی کنکشنز منقطع کر کے سیکڑوں میٹر تار تحویل میں لے لی گئی، شہر کے علاقوں بشیر آباد، بہار کالونی اور دیگر علاقوں میں آپریشن کے دوران 300سے زائد ایسے کنیشن منقطع کئے گئے جو کنڈے کے ذریعے چلائے جارہے تھے ، سیپکو حکام کے مطابق ان علاقوں میں سیپکو کے نادہندگان پر تین کروڑ روپے سے زائد کے بقایاجات ہیں، نادہندگان اور بجلی کی چوری میں ملوث لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر بقایاجات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں اور اپنے غیر قانونی کنیکشن ختم کر کے قانونی طور پر کنکشن حاصل کریں بصورت دیگر ان کے خلاف بجلی چوری کے نئے آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے، بجلی کی چوری میں ملوث افراد کے ساتھ کسی صورت رعایت نہیں کی جائے گی ، اگر کسی صورت میں سیپکو کے اہلکار ملوث ہوئے تو ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی، سپرنٹنڈنٹ انجنیئر عبدالغفار ماکو کے مطابق بجلی کی چوری کے باعث نہ صرف مالی خزانے کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ بجلی کے ضیاع سے لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور بجلی چوری میں ملوث لوگوں کی وجہ سے عام صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سکھر ،خیرپور، گھوٹکی اضلاع میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف گرینڈا ٓپریشن شروع کیا گیا ہے ، اس آپریشن کے دوران سب ڈویژن سطح پر افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو اپنے علاقوں میں بجلی کے غیر قانونی کنکشنز منقطع کرنے کے ساتھ ساتھ بقایاجات کی وصولی کو یقینی بنانے میں اپنے پیشہ وارانہ فرائض بہتر اندازمیں ادا کریں گے، فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جو افسر یا اہلکار غفلت برتے گا اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ایسے تمام افراد جو بجلی چوری میں ملوث ہیں ان سے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ وہ اپنے غیر قانونی کنکشن منقطع کر کے اپنے علاقے کے سب ڈویژن سیپکو افسر سے قانونی کنکشن حاصل کرنے کے لئے رابطہ کریں ، سیپکو کے افسران ان کی ہرممکن مدد کریں گے اور انہیں جس قدر ہو سکے گا ریلیف فراہم کرتے ہوئے قانونی طو رپر کنکشن جاری کریں گے جس سے بجلی کی چوری کے خاتمے کے ساتھ ساتھ متعلقہ افراد کسی بھی قانونی کارروائی سے محفوظ رہ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیپکو کی جانب سے تمام علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف گرینڈ آپریشن کو روزانہ کی بنیاد پر تیز کیا جائے گا اور تمام علاقوں سے بجلی چوری کے خاتمے کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بقایاجات کی سو فیصد وصولی کے لئے بھی ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 
تازہ ترین