چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں اہم منظوریاں دے دی گئیں۔
اجلاس میں پی سی بی کے اپ ڈیٹڈ فنانشل رولز، آڈیٹرز کی از سر نو تقرری اور کئی برس سے استعمال نہ ہونے والے اکاؤنٹس کو بند کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں کارپوریٹ کریڈٹ کارڈز کے حصول، گلوبل اینٹی کرپشن کوڈ اپنانے کے پروسیجرل رد و بدل اور کلبز کی اسکروٹنی کےطریقہ کار میں تبدیلی کی منظوری دی گئی۔
پی سی بی اجلاس میں بی او جی کے 78ویں اور 79ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی جبکہ پاکستانی کرکٹ کا معیار بہتر بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے بحث ہوئی اور خواتین کرکٹ کے فروغ کےلیے گراس روٹ لیول اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
شرکاء کو ڈومیسٹک کرکٹ اور نوجوان ٹیلنٹ آگے لانے اور ہائی پرفارمنس سنٹرز کی اپ گریڈیشن پر بریف کیا گیا۔
اجلاس میں بی او جی کے ممبران انوار غنی، ظہیر عباس، سجاد علی، ظفر اللّٰہ، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر، انٹرنیشنل کرکٹ، میڈیا اینڈ کمیونیکیشن، ڈومیسٹک کرکٹ حکام، ہیومن ریسوریس، ہائی پرفارمنس سینٹرز کے ڈائریکٹرز، ویمنز کرکٹ کے سربراہ اور لیگل ڈپارٹمنٹ حکام نے شرکت کی۔