دنیا کے دو عظیم باسکٹ بال اسٹارز مائیکل جارڈن اور کوبی برائنٹ کا نایاب باسکٹ بال کارڈ ریکارڈ قیمت 12.932 ملین ڈالر میں نیلام ہوا، اسے دنیا کا سب سے مہنگا اسپورٹس کارڈ قرار دے دیا گیا ہے۔
یہ کارڈ ٹیکساس میں ہیریٹیج آکشنز کے ذریعے فروخت ہوا، اس پر دونوں لیجنڈز کی تصاویر، دستخط اور لوگو پیچز شامل ہیں جو ان کی جرسیوں سے لیے گئے تھے۔
نیلام گھر کے ڈائریکٹر کرس آئیوی کے مطابق اس کارڈ کی مانگ بےحد زیادہ ہے کیونکہ اس میں سب کچھ شامل ہے، یہ کارڈ اپنی نوعیت کا واحد نمونہ ہے جس میں صرف جارڈن اور برائنٹ شامل ہیں۔
اس سے قبل سب سے مہنگا اسپورٹس کارڈ 1952ء کے ٹوپس مکی مینٹل بیس بال کارڈ کو مانا جاتا تھا، جو 2022ء میں 12.6 ملین ڈالر میں فروخت ہوا تھا، جبکہ باسکٹ بال کی دنیا میں سب سے زیادہ مہنگا کارڈ اسٹیف کری کا 2021ء میں 5.9 ملین ڈالر میں خریدا گیا تھا۔