• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے مادھوپر ڈیم سے پانی کے اخراج کی وارننگ جاری

فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)  نے بھارت کی طرف سے مادھوپر ڈیم سے پانی کے اخراج کی وارننگ جاری کردی۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور پنجاب سمیت بھارتی ریاستوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیر کو بھی ریکارڈ توڑ بارش ہوئی تھی، مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر صورتحال کا ہمہ وقت مشاہدہ کر رہا ہے۔ اگلے 48 گھنٹوں میں، دریائے راوی میں جسر کے مقام پر  80 ہزار سے ایک لاکھ 25 ہزار کیوسک بہاؤ کے ساتھ اونچے درجے کی سیلابی صورتحال متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ چناب کے بالائی علاقوں میں جموں تاوی اور منور تاوی ندیوں کے بہاؤ میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر ڈیڑھ لاکھ سے 2 لاکھ کیوسک کے ساتھ بہاؤ درمیانے درجے سے اونچے درجے تک پہنچ سکتا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا کے مقام پر ایک لاکھ 90 ہزار کیوسک سے 2 لاکھ 20 ہزار کے ساتھ پانی شدید بہاؤ کی حد تک پہنچ سکتا ہے۔

بھارتی ڈیم تھین (رنجیت ساگر) اپنی گنجائش کے قریب تک بھر چکا ہے اور ایئک، ڈیگ، بین، بسنتر، اور پلکھو نالوں سے اخراج اور بہاؤ میں بھی اضافے متوقع ہیں۔

وزیراعظم کے ہدایت پر این ڈی ایم اے روزانہ کی بنیاد پر اعلیٰ سطحی مون سون جائزہ اجلاس منعقد کررہا ہے اور این ای او سی تمام دستیاب وسائل کے ساتھ صورتحال کی ہمہ وقت نگرانی کر رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید