• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طبی غفلت یا کچھ اور؟ ہلک ہوگن کی موت پر کئی سوالات کھڑے ہوگئے

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ریسلنگ کی دنیا کے عظیم پہلوان ہلک ہوگن کی موت کی تحقیقات نے نیا موڑ اختیار کرلیا، موت طبی غفلت کا نتیجہ تھی یا کچھ اور؟ کئی سوالات کھڑے ہو گئے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلک ہوگن کی موت حالیہ سرجری کے نتیجے میں پیش آنے والی پیچیدگیوں کا نتیجہ ہو سکتی ہے۔

 ایک آکیوپیشنل تھراپسٹ، جو ان کی موت کے وقت گھر پر موجود تھے انہوں نے پولیس کو بتایا کہ سرجری کے دوران ان کی فرینک نرو (Phrenic Nerve) کٹ گئی تھی۔

ماہرین کے مطابق یہ رگ دماغ سے پھیپھڑوں تک سگنلز پہنچاتی ہے تاکہ انسان سانس لے سکے، اس رگ کو نقصان پہنچنے کی صورت میں مریض کے لیے سانس لینا نہایت دشوار یا ناممکن ہو جاتا ہے۔

ہوگن کی اہلیہ اسکائی نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ ان کے شوہر کی فرینک نرو سرجری کے دوران متاثر ہوئی، پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردیں۔

ہلک ہوگن کی موت کی تحقیقات کلیئر واٹر پولیس ڈپارٹمنٹ کر رہا ہے، پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم ہلک ہوگن کے اہلِ خانہ سے مسلسل رابطے میں ہیں، کیس کی نوعیت کے باعث مختلف گواہوں سے بیانات اور طبی ریکارڈز حاصل کیے جا رہے ہیں، یہ عمل وقت طلب ہے، مگر اہلِ خانہ ہمارے کام سے مطمئن ہیں۔

ہلک ہوگن کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل دیا، کئی افراد نے اس واقعے کو قتل قرار دیا جبکہ بعض نے سرجری کرنے والے ڈاکٹرز کی قابلیت پر سوال اٹھا دیے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید