• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے پانی چھوڑنے پر دریائے ستلج میں سیلاب کی صورتحال شدت اختیار کرنے لگی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کے پانی چھوڑنے پر بہاولپور میں دریائے ستلج میں سیلاب کی صورتحال شدت اختیار کرنے لگی ہے۔

محکمہ آبپاشی کے مطابق ہیڈ گنڈا سنگھ پر پانی کی سطح 21 اعشاریہ 80 فٹ ہوگئی ہے جبکہ پانی کا اخراج 1 لاکھ 74 ہزار 62 کیوسک اور انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

محکمہ آبپاشی کے مطابق ہیڈ سلیمانکی پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، یہاں پانی کی آمد ایک لاکھ 4 ہزار 664 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ سینٹر کے مطابق ہیڈ اسلام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی آمد 46 ہزار 135 کیوسک ہے۔

ادھر خیرپور ٹامیوالی، صدر بہاولپور اور احمد پور شرقیہ کے بیڈ کے علاقوں میں سیلاب تیزی پھیلنے لگا ہے جس سے ہزاروں ایکڑ پر کپاس اور دیگر فصلیں، مکانات اور سرکاری اسکول زیرِ آب آچکے ہیں۔

محکمہ آبپاشی کے مطابق مقامی انتظامیہ نے بھی سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔

ریسکیو کنٹرول کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے اب تک 361 افراد کا انخلا کیا جاچکا ہے۔

قومی خبریں سے مزید