حکومت نے پرو ہاکی لیگ اور نیشنل یوتھ گیمز کےلیے 40 کروڑ روپے کی منظوری دے دی۔
حکومت نے 25 کروڑ پرو لیگ کیلئے منظور کیے ہیں جبکہ 15 کروڑ روپے کی نیشنل یوتھ گیمز کے لیے منظوری دی گئی ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے جاری خط کے مطابق اس رقم میں سے 25 کروڑ روپے پاکستان ہاکی فیڈریشن کےلیے مختص کیے گئے ہیں تاکہ پاکستان ہاکی ٹیم پرو لیگ سیزن 7 میں شرکت کو یقینی بناسکے۔
25 کروڑ روپے کی منظوری کے بعد پی ایچ ایف جلد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو اپنی دستیابی سے آگاہ کرے گی۔
نیوزی لینڈ کے انکار کے بعد ایف آئی ایچ نے پاکستان ہاکی ٹیم کو شرکت کی دعوت دی ہے۔
پی ایس بی نے پی ایچ ایف سے کہا ہے کہ وہ 3 دن کے اندر جامع پلان جمع کرائے، جس میں سفری شیڈول، لاجسٹک سہولیات، انتظامی امور اور تربیتی کیپس کی تفصیلات شامل ہوں۔
حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے خط میں بتایا گیا کہ 40 کروڑ روپے میں سے 15 کروڑ روپے پہلی نیشنل یوتھ گیمز کے انعقاد کے لیے رکھے گئے ہیں۔