• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انوراگ کشیپ کا سشانت سنگھ راجپوت سے متعلق بڑا انکشاف

بالی ووڈ فلم ساز انوراگ کشیپ اور آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت—فائل فوٹوز
بالی ووڈ فلم ساز انوراگ کشیپ اور آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت—فائل فوٹوز

بالی ووڈ فلم ساز انوراگ کشیپ نے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت سے متعلق بڑا انکشاف کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انوراگ کشیپ کا کہنا ہے کہ میری فلم نشانچی کے لیے سشانت پہلی پسند تھے، میں نے انہیں نشانچی میں کاسٹ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن دھرما پروڈکشنز کی 2 بڑی فلمیں ملنے کے بعد سشانت نے اس حوالے سے رابطہ ہی ختم کر دیا تھا۔

فلم ساز انوراگ کشیپ اپنی آنے والی فلم نشانچی کی ریلیز کی تیاری کر رہے ہیں، جس میں وینیت کمار سنگھ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ آئیشورے ٹھاکرے اس میں ڈیبیو کر رہے ہیں، یہ فلم 19 ستمبر کو بھارتی سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

حالیہ انٹرویو میں انوراگ کشیپ نے بتایا ہے کہ اس پروجیکٹ کا اعلان 2016ء میں سشانت کے ساتھ کیا گیا تھا، لیکن جب سشانت نے دھرما پروڈکشنز کے ساتھ 2 بڑی فلمیں دل بیچارہ اور ڈرائیو سائن کر لیں اور انہوں نے مجھ سے اس حوالے سے رابطہ ہی ختم کر دیا تو میں بھی پیچھے ہٹ گیا تھا۔

انوراگ کشیپ نے سشانت کے فلم ہنسی تو پھنسی سے دستبردار ہونے کے بارے میں بھی بات کی، جو ان کے پروڈکشن ہاؤس کی بنائی ہوئی فلم تھی، سشانت نے یش راج فلمز اور دھرما پروڈکشنز سے پیشکشیں ملنے کے بعد یہ پروجیکٹ بھی چھوڑ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سشانت نے فلم شدھ دیسی رومانس سائن کی اور ہنسی تو پھنسی چھوڑ دی، مجھے اس فیصلے پر ان سے کوئی رنجش نہیں ہے۔

انوراگ کشیپ نے بتایا کہ ان سالوں کے دوران بہت سے اداکاروں نے فلم نشانچی میں دلچسپی ظاہر کی لیکن مجھے کوئی بھی اس کے لیے موزوں نہیں لگا، میں نے 2016ء میں فلم ’ایم ایس دھونی: دی انٹولڈ اسٹوری‘ کی ریلیز سے پہلے سشانت سے اسکرپٹ کے ساتھ رابطہ کیا تھا، لیکن فلم کی کامیابی کے بعد سشانت نے مجھ سے دوبارہ رابطہ نہیں کیا۔

سشانت سنگھ راجپوت نے 2013ء میں فلم کائی پوچے سے بالی وڈ میں قدم رکھا تھا اور فلم شدھ دیسی رومانس، پی کے، کیدرناتھ اور چھچھورے سمیت کئی فلموں میں نظر آئے، انہوں نے بائیوپک ’ایم ایس دھونی: دی انٹولڈ اسٹوری‘ میں بھارتی کرکٹر مہندر سنگھ دھونی کا کردار بھی ادا کیا۔

34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020ء کو اپنی باندرہ کی رہائش گاہ پر مردہ پائے گئے تھے، اگرچہ ابتدائی طور پر ان کی موت کو خودکشی کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا، لیکن قتل کے الزامات بھی لگائے گئے تھے۔

کیس درج ہونے کے تقریباً 5 سال بعد سی بی آئی نے حال ہی میں ایک کلوزر رپورٹ دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الزامات کو ثابت کرنے کے لیے کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید