• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: ججز کے گھروں میں بجلی کی بندش، کےالیکٹرک افسران نے عدالت میں پیش ہوکر معافی مانگ لی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

کراچی میں شدید بارش کے دوران ججز کے گھروں میں بجلی کی طویل بندش پر کے الیکٹرک افسران نے عدالت میں پیش ہوکر معذرت کرلی۔

جیو نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے کے الیکٹرک حکام کو بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن پر طلب کیا تھا۔ کے ای کے سی ای او اور سینئر حکام گزشتہ روز عدالت میں پیش ہوئے۔

22 اگست کو جاری کیے گئے سندھ ہائی کورٹ کے نوٹس میں کہا گیا کہ اس مسئلے سے ججوں، سینئر افسران اور ان کے اہل خانہ کو شدید تکلیف ہوئی۔ عدالتی نوٹس پر کےالیکٹرک افسران نے پیش ہو کر بجلی کے بریک ڈاؤن پر معذرت کرلی۔

کےالیکٹرک حکام نے عدالت میں کہا کہ آئندہ بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن اور فالٹ سے بچنے کے لیے حکمت عملی بنالی ہے، علاقوں میں تعینات افسران کے رابطہ نمبر اور نام فراہم کردیے گئے ہیں۔

کےالیکٹرک افسران نے عدالت کو بتایا کہ کچھ افسران کے تبادلے ہوچکے اور کوتاہی میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ ایڈیشنل رجسٹرار کوآرڈینیشن نے 22 اگست کو ایم ڈی کےالیکٹرک کو طلبی کا نوٹس دیا تھا۔

نوٹس میں کہا گیا تھا کہ کےالیکٹرک نیپرا قوانین کے تحت صارفین کو بجلی کی فراہمی کا پابند ہے، کےالیکٹرک کو بطور یوٹیلیٹی سروس فراہم کرنے والے ادارے متبادل نظام رکھنا چاہیے۔

نوٹس کے مطابق کراچی کے متعدد علاقے 20 اگست کی بارشوں کے بعد دو دن تک بجلی سے محروم رہے جبکہ دیگر کو کم وولٹیج کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ ہنگامی رابطہ نمبر فراہم کیے جانے کے باوجود، ہائی کورٹ کے پروٹوکول سیکشن کو کےالیکٹرک حکام کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا، جنہوں نے اپنے فون بھی بند کر دیے۔

قومی خبریں سے مزید