بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع دیواناگیری میں سید نور نامی کسان کی مرغی نیلا انڈہ دینے کے بعد توجہ کا مرکز بن گئی، انوکھا نیلا انڈہ دیکھنے کے لیے لوگ امڈ آئے۔
نور کا کہنا ہے کہ اس کے پاس 10 مرغیاں ہیں اور سب کو یکساں خوراک دی جاتی ہے، وہ سب سفید انڈے دیتی ہیں، لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ کسی مرغی نے نیلا انڈہ دیا، اس نایاب انڈے کو دیکھنے کے لیے لوگ بڑی تعداد میں گاؤں کا رُخ کر رہے ہیں۔
نور کے دوست نے بتایا کہ یہ مرغی روزانہ سفید یا ہلکے پیلے رنگ کا انڈہ دیتی تھی، نور نے اسے دو سال قبل محض 20 روپے میں خریدا تھا، لیکن دو دن پہلے جب اس نے نیلا انڈہ دیا تو ہم سب دنگ رہ گئے، زندگی میں کبھی ایسا نہیں دیکھا۔
ماہرین بھی اس انوکھے واقعے پر حیرت زدہ ہیں۔ محکمۂ ویٹرنری کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اشوک نے کہا، ’میں نے سبز مائل انڈے دیکھے ہیں، لیکن بالکل نیلا انڈہ بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے، اس کی وجہ عام طور پر ایک رنگ دار مادہ (Pigment) ہوتا ہے جسے Biliverdin کہتے ہیں، یہ مادہ اگر زیادہ مقدار میں خارج ہو تو انڈے کا خول نیلا ہو سکتا ہے۔‘
ویٹرنری آفیسر کے مطابق یہ تبدیلی یا تو جینیاتی (Genetic) وجہ سے ہوتی ہے یا پھر مرغی کی خوراک میں کسی مسئلے کی بنا پر۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا میں نیلے انڈے عام طور پر صرف آراوکانہ (Araucana) نامی مرغی، جو کہ جنوبی امریکا کے ملک چِلی میں پائی جاتی ہے، یا پھر Whiting True Blue Chicken نامی ہائبرڈ نسل دیتی ہے، جسے 1990ء کی دہائی میں ایک امریکی ماہر نے خاص طور پر تیار کیا تھا۔