کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2025 میں سینٹ لوشیا کنگز کے بولر اوشین تھامس کی شامت آگئی، گیانا ایمازون واریئرز کے روماریو شیفرڈ نے ایک گیند پر 22 رنز بنا کر 1992 ورلڈکپ کے سیمی فائنل کے اسکور بورڈ کی یاد دلادی۔
26 اگست کو بدھ کو سینٹ لوشیا کے ڈیرن سیمی نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا ایمازون واریئرز اور سینٹ لوشیا کنگز کا میچ بہت دلچسپ اور منفرد رہا۔
اس میچ میں ایمازون واریئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔
میچ کے 15ویں اوور میں بولر اوشین تھامس کی شامت آئی جس کی وجہ ان کی نو بالز اور وائیڈ بالز بنی۔ اس اوور میں ایمازون واریئرز کے بیٹر روماریو شیفرڈ نے ایک لیگل گیند پر 22 رنز بنائے جبکہ اس اوور میں مجموعی طور پر 33 رنز اسکور کیے گئے۔
اوشین تھامس کے 15ویں اوور کی ابتدائی 2 گیندوں پر 4 رنز بنے جس کے بعد انہوں نے ایک لیگل گیند پر 22 رنز بنوا دیے۔
اوور کی تیسری گیند فرنٹ فٹ نو بال ہوئی، جس کے بعد وائیڈ ہوئی اور پھر مسلسل دو مرتبہ اوشین تھامس کی کوشش نوبال کی صورت میں ضائع ہوئی لیکن بیٹر روماریو شیفرڈ نے اسے ضائع نہ ہونے دیا اور دونوں ہی مرتبہ چھکے لگادیے۔
بعدازاں اوشین تھامس پھر گیند کروانے آئے تو اس مرتبہ یہ گیند نوبال نہیں ہوئی اور لیگل ڈیلوری قرار پائی، لیکن اس گیند کو بھی شیفرڈ نے باؤنڈری کے باہر پھیک دیا اور یوں تھامس کی ایک گیند پر ٹیم کو مجموعی طور پر 22 رنز ملے۔
اس کے بعد اگلی دو گیندوں پر بولر کو کچھ ریلیف ملا جس میں انہوں نے ایک ڈاٹ بال کرائی اور دوسری گیند پر ایک رن بنا تاہم اوور کی آخری گیند پر پھر انہوں نے چھکا کھا لیا۔
اس طرح اوشین تھامس کے ایک اوور میں مجموعی طور پر 33 رنز بنے۔ بعدازاں ایمازون واریئرز کی جانب سے دیے گئے 203 رنز کا ہدف سینٹ لوشیا کنگز نے آخری اوور میں حاصل کرلیا۔
واضح رہے کہ 1992 کرکٹ ورلڈکپ کے سیمی فائنل مقابلے میں ٹارگیٹ تبدیل ہونے پر انگلینڈ کے خلاف جنوبی افریقہ کو جیت آخری گیند پر جیت کےلیے 22 رنز کا ہی ہدف ملا تھا۔
تاہم یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کیربیئن لیگ میں پہلی اننگز کے دوران 15ویں اوور میں ایک گیند پر 22 رنز بنے۔